غنوی بھٹو کا پشاور مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو)کی سربراہ محترمہ غنوی بھٹو نے پشاور کی مسجد میں ہونے والے اس بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں پانچ درجن انسان شہید ہوگئے ہیں اور دو سو کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

پارٹی چیئرپرسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف حکمران دعوے کر رہے ہیں کہ انہوں نے دہشتگردی پر قابو پا لیا ہے اور دوسری طرف ملک کے مساجد میں عبادت کرنے والے معصوم لوگ بھیانک دہشتگردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی کل کی بات ہے جب بلوچستان میں بارود کی آگ جل رہی تھی اور آج پشاور ایک بار پھر خون سے سرخ ہوگیا ہے۔ محترمہ غنوی بھٹو نے پشاورسانحے کو ملکی اٹیلیجنس؛ قانون اور امن امان کے انتظامی سرشتے کی ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ جب ریاستی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ملکی سیاست کی جوڑ توڑ میں مصروف ہوجاتے ہیں تو اس قسم کے نتائج نکلتے ہیں۔

پارٹی چیئرپرسن نے کہا کہ عوام کو صرف یہ نہ بتایا جائے کہ دھماکے میں کتنا بارود استعمال ہوا اور اس کی ساخت کیسی تھی؟ حکومت کو عوام کے سامنے پشاور سانحے کی پوری تفصیل پیش کرنا ہوگی کہ اس میں کون ملوث تھا اور صرف یہ ہی نہیں بلکہ کون سے اداروں کی غفلت کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا؟ محترمہ غنوی بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کو تفیصل سے بھی آگاہ کیا جائے اور اس کے ساتھ جو مجرم ان کارروائیوں میں ملوث ہیں؛ انہیں قانون کے کٹہڑے میں لاکھڑا کیاجائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اب ملک میں دہشتگردی کو اس کے اسباب سمیت ختم کیا جائے گا۔ پارٹی چیئرپرسن نے کہا ہے کہ جب تک دہشتگردی کے اسباب ختم نہیں کیے جاتے تب تک دہشتگردی کو ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button