چیئرپرسن محترمہ غنوی بھٹو نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر کیے گئے حملوں پر ردعمل

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنوی بھٹو نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر کیے گئے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت اپنے خصیص مفاد کے لیے آگ سے کھیل رہی ہے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں۔ سرد جنگ کے بعد دنیا میں کہیں پر بھی دو ایٹمی ممالک کے درمیاں اس قسم کے کشیدگی نہیں ہوئی جو برسوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیاں جاری ہے۔ عالمی ضمیر اور شعور کو اس خطرناک صورتحال کو سنجیدگی سے لینا چاہئیے۔ اس وقت بھارت بظاہر محدود جنگ کے دعوے کر رہا ہے مگر جنگ جنگل کی آگ ہوتی ہے، اس کو کنٹرول کرنا کسی ملک کے بس کی بات نہیں۔ غنوی بھٹو نے اپنے بیان میں پاک بھارت امن کے سلسلے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے تاریخی کردار اور بعد میں ڈاکٹر مبشر حسن کی طرف سے دونوں ملکوں کے پرامن عوام کو متحرک کرنے والے عمل کو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ امن اور انصاف کے لیے کوشش کی ہے۔ پارٹی آج بھی سمجھتی ہے کہ اختلافات کو میزائل سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کیا جائے۔ غنوی بھٹو نے ان قوتوں کی مذمت کی ہے جو معاشی اور سیاسی مفادات کے لیے مودی کی جنگجو اور انتہا پسند نفسیات کو نظر انداز کرتی ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاک بھارت امن میں اپنا کردار ادا کریں اور دونوں ممالک کے عوام کو امن فراہم کرنے کے ساتھ کشمیر کے ساتھ انصاف کریں۔