پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی طرف سے سوشل میڈیا کے خلاف بنائے جانے والے قانون کی سخت الفاظ میں مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) نے حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا کے خلاف بنائے جانے والے قانون کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ سوشل میڈیا اصل میں عوامی میڈیا ہے۔ دنیا کی مقبول میڈیا کے خلاف بنائے جانے والے قوانین اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قابل نفرت قدم ہے۔ ملک میں پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد جب حکومت نے دیکھا ہے اب عوام صحافی بن کر حکومت کے کالے کرتوت دنیا کے سامنے لا رہے ہیں تو اس نے سوشل میڈیا کو اپنی جکڑ میں رکھنے کے لیے قوانین بنانا شروع کیے ہیں۔
پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکمران عوام کے خلاف ایک ہارتی ہوئی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں۔ عمران خان کی حکومت کو معلوم ہونا چاہئیے کہ تاریخ میں آج تک کسی بھی حکمران نے جنگ نہیں جیتی۔ ہر ہٹلر اور ہر مسولینی کا آخری مقام تاریخ کا ڈسٹ بن ہے۔ عوام سے ٹکرانا پہاڑ سے سر پھوڑنے کے برابر ہے۔ عوام کی کروڑوں آنکھیں اور کروڑوں ہاتھ ہیں۔ عوام سے سچائی کبھی نہیں چھپ سکتی ور عوام جھوٹ؛ مکر اور فریب سے مزاحمت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ عوام کی پارٹی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت کے مذکورہ قانون کا حشر بھی ویسا ہی ہوگا؛ جیسا اس سے قبل عوام دشمن قوانین کا ہوتا آیا ہے۔ یہ قانون بنا ہی اس لیے گیا ہے کہ مٹایا جائے۔

Back to top button