کسانوں کی قاتل حکومت جمہوری نہیں ہو سکتی: غنوی بھٹو

کراچی(پریس رلیز) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی سربراہ محترمہ غنوی بھٹو نے قاضی احمد میں کسانوں کے قتل عام پر دلی غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو حکومت کسانوں کے قاتلوں کا ساتھ دے وہ کسی صورت میں جمہوری نہیں ہوسکتی۔ سندھ کے معصوم لوگوں سے شہیدوں کے نام پر ووٹ لیکر جس طرح زرداری مافیازمین ہتھیانے کے لیے قبیلوں کو آپس میں لڑا رہی ہے؛ اس سے سندھ کی پرامن سرزمین خانہ جنگی کا شکار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ذاتی مفاد کے خاطر اتنا گھناؤنا جرم تو انگریز حکومت نے بھی نہیں کیا تھا۔یہ امن دشمن اور عوام دشمن روایت جنرل ضیاء نے ڈالی تھی اور آصف زرداری جنرل ضیاء کی مجرم سیاست کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی خاندانی زمینیں کسانوں میں بانٹ کر اپنی ذاتی زمینوں میں کمی کی تھی جب کہ آصف زرداری نے سیاست کے معرفت اپنی ذاتی زمینوں میں اضافہ کرکے ثابت کر رہا ہے کہ کون کیسی سیاست کر رہا ہے؟وقت اور حالات نے ثابت کردیا ہے کہ کون جمہوری ہے اور کون زرداری ہے؟ آصف زرداری جمہوری کا ضد ہے اور وہ ان کی سیاست عوام دشمن ہے۔ پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کل بھی مظلوموں کے ساتھ تھی؛ آج بھی مظلوموں کے ساتھ ہے اور کل بھی مظلوموں کے ساتھ رہے گی۔ محترمہ غنوی بھٹو نے عوام کو اپیل کی ہے کہ امن اور انصاف کے لیے عوام پر لازم ہے کہ وہ زرداری حکومت کے خلاف بھرپور جدوجہد کرے۔

Back to top button