میرپور خاص کے علائقے نوکوٹ میں پیش آنے واقعے سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے: غنوی بھٹو
عوام سے ووٹ لوٹنے والے سندھ کے حکمران اگر عورتوں کا تحفظ نہیں کرسکتے تو پھر وہ سرزمین سندھ کا تحفظ کیسے کرینگے؟

کراچی(پریس رلیز) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنوی بھٹو نے سندھ کے بڑے شہر میرپور خاص کے علائقے نوکوٹ میں پیش آنے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں غریب گھر کی دو بچیوں کو نہ صرف اغوا کیا گیا بلکہ ان کی سرعام تذلیل کی گئی اور بعد میں انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
محترمہ غنوی بھٹو نے کہا ہے کہ اس واقعے سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ دو بچیوں سے زیادتی کا ہے مگر حقیقت میں یہ قانون اور انصاف کے ساتھ اس طاقت کا ریپ ہے جو طاقت اس ناکارہ اور عورت دشمن نظام سے پیدا ہوتی ہے۔ اگر معاشرے میں قانون کا کردار ہوتا تو ایسے واقعات کیوں پیش آتے؟ پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی سربراہ نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے نام پر عوام سے ووٹ لوٹنے والے سندھ کے حکمران اگر عورتوں کا تحفظ نہیں کرسکتے تو پھر وہ سرزمین سندھ کا تحفظ کیسے کرینگے؟ انہوں نے مزید کہا ہے کہ جس معاشرے میں عورت محفوظ نہ ہو وہ معاشرہ کسی صورت مہذب نہیں ہوسکتا۔ پارٹی سربراہ نے اپنے تمام کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ مظلوم خاندان سے یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور مظاہرے کیے جائیں اور متاثر بچیوں سے انصاف کو یقینی بنایا جائے۔